ہفتہ 1 اگست 2026 - 13:55
رہبرِ انقلاب شہید سید علی خامنہ ای (رح) کی منفرد خصوصیات(قسط9)

حوزہ/ایران کی حکمرانی کی تاریخ میں شہید رہبر معظم سید علی خامنہ‌ای(رح) کی بعض بے مثال اختصاصی خصوصیات ہیں جنہیں ہم ذکر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اختصاصی خصوصیات سے مراد کسی شخصیت کی وہ منفرد خصوصیات ہیں جو تاریخ میں اسے ممتاز بناتی ہیں۔

ترتیب وترجمہ: ڈاکٹر محمد لطیف مطہری

حوزہ نیوز ایجنسی|

ایران کی حکمرانی کی تاریخ میں شہید رہبر معظم سید علی خامنہ‌ای(رح) کی بعض بے مثال اختصاصی خصوصیات ہیں جنہیں ہم ذکر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اختصاصی خصوصیات سے مراد کسی شخصیت کی وہ منفرد خصوصیات ہیں جو تاریخ میں اسے ممتاز بناتی ہیں۔

اس سلسلۂ تحریر میں ہم انقلابِ اسلامی کے شہید رہبر کی انہی منفرد خصوصیات کا جائزہ لیں گے؛ یعنی وہ غیرمعمولی صفات جو اس سرزمین کی حکمرانی کی تاریخ میں اپنی مثال نہیں رکھتیں۔

نویں خصوصیت:جامع علمی و فکری شخصیت

رہبرِ شہید ایک ایسے جامع العلوم عالمِ ربانی تھے جنہوں نے فقہ، اصول، فلسفہ، تفسیر، حدیث، رجال، تاریخ، ادب اور سیاست سمیت متعدد علوم میں غیر معمولی مہارت حاصل کی۔ فقہ و اصول میں آپ اس بلند علمی مقام پر فائز تھے کہ مرجعیت کی تمام علمی و عملی شرائط آپ میں بدرجۂ اتم موجود تھیں۔ فقاہت کے ساتھ عدالت، تدبر، انتظامی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتیں بھی آپ کی شخصیت کا نمایاں وصف تھیں۔

آپ محض ایک فقیہ نہیں بلکہ حکمتِ متعالیہ کے صاحبِ نظر مفکر بھی تھے۔ فلسفۂ اسلامی کے دقیق مباحث پر آپ کی گہری نظر تھی، جبکہ فقہی استنباط میں آپ نے ایک مستقل اور متوازن منہج اختیار کیا۔ آپ نصوصِ شرعیہ، مقاصدِ شریعت، زمان و مکان کے تقاضوں اور موضوع شناسی کو اجتہاد کے بنیادی ارکان قرار دیتے تھے، جس کے باعث آپ کی فقہی آراء میں دقت، اعتدال اور عصری بصیرت نمایاں نظر آتی ہے۔

علمِ حدیث، رجال اور درایت میں بھی آپ کو نمایاں مقام حاصل تھا۔ روایات کی سند، دلالت، تاریخی پس منظر اور فقہی تطبیقات کا باریک بینی سے جائزہ لینا آپ کے تحقیقی اسلوب کا امتیاز تھا، جس سے آپ کے اجتہادی نتائج علمی استحکام اور تحقیقی گہرائی سے مزین ہوتے تھے۔

تفسیرِ قرآن بھی آپ کی علمی شخصیت کا ایک نہایت مرکزی اور امتیازی پہلو تھا۔ آپ کے نزدیک تفسیر محض آیاتِ قرآنی کی لغوی یا تاریخی شرح نہیں بلکہ ایک منظم، اصولی اور تمدن ساز فکری نظام ہے جو قرآنِ کریم کو ہر دور کے انسان کے لیے زندہ منشورِ ہدایت بناتا ہے۔ اسی بنا پر آپ کے تفسیری منہج میں اصول پسندی، فکری گہرائی اور عصری تقاضوں کی رعایت نمایاں طور پر جلوہ گر ہے۔

شہید رہبر قرآنی الفاظ و مفردات کی دقیق تحقیق اور مفاہیم کی جامع توسیع پر خصوصی توجہ دیتے تھے۔ آیات کو صرف ان کے شانِ نزول یا تاریخی پس منظر تک محدود نہیں رکھتے تھے بلکہ ان سے ایسے آفاقی اصول اخذ کرتے تھے جو فرد، معاشرہ اور اسلامی تمدن کی تشکیل میں رہنمائی فراہم کریں۔ اگرچہ آپ شأنِ نزول کو فہمِ قرآن میں اہم سمجھتے تھے، لیکن قرآن کے پیغام کو کسی خاص زمانے یا ماحول تک محدود نہیں کرتے تھے۔

شہید رہبر کے تفسیری منہج کی بنیاد قرآن کے ظاہرِ الفاظ سے وفاداری، معتبر تفسیری روایات سے استفادہ اور بے ضابطہ باطنی تاویلات سے اجتناب پر استوار تھی۔ اسی طرح "تفسیرِ قرآن بالقرآن" اور سیاقِ آیات آپ کے تفسیری مکتب کے بنیادی ستون تھے۔ آپ قرآن کو خود اپنا بہترین مفسر قرار دیتے تھے اور ہر آیت کو دیگر آیات کے باہمی ربط اور اپنے سیاق و سباق کی روشنی میں سمجھنے پر زور دیتے تھے، جس سے آپ کی تفسیری آراء میں علمی استحکام اور فکری گہرائی پیدا ہوتی تھی۔

تاریخِ اسلام، سیرتِ ائمۂ اطہارؑ اور معاصر عالمی حالات پر بھی شہید رہبر کو غیر معمولی عبور حاصل تھا۔ ائمۂ معصومینؑ کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں آپ کا پیش کردہ نظریہ "انسانِ 250 سالہ" آپ کی فکری جدت کی روشن مثال ہے، جس کے مطابق تمام ائمہؑ ایک ہی مسلسل الٰہی تحریک کے نمائندہ تھے۔

ادب کے میدان میں بھی آپ کی شخصیت منفرد تھی۔ فارسی اور عربی ادب پر آپ کو یکساں دسترس حاصل تھی۔ آپ شعر و ادب کے دقیق نکات پر گہری نظر رکھتے، ادبی محاسن کا تنقیدی جائزہ لیتے اور نہایت حکیمانہ انداز میں اصلاح فرماتے تھے۔

ہر سال ۱۵ رمضان المبارک کو ملک بھر کے ممتاز شعراء و ادباء آپ کی خدمت میں حاضر ہوتے اور اپنا کلام پیش کرتے۔ آپ نہایت توجہ سے ان کا کلام سنتے اور وزن، قافیہ، ردیف، لفظی انتخاب اور بلاغی نکات پر عالمانہ گفتگو فرماتے، جس سے اہلِ ادب آپ کی بصیرت کے معترف ہو جاتے۔ آپ غیر معمولی حافظے کے مالک تھے، لیکن آپ کا اصل امتیاز محض حافظہ نہیں بلکہ علمی متون، تاریخی واقعات اور ادبی شاہکاروں کے درمیان ربط پیدا کرکے ان سے نئے فکری نتائج اخذ کرنا تھا۔

سیاسی میدان میں بھی رہبر شہید کی شخصیت اصولی اور حکیمانہ تھی۔ آپ اسلامِ نابِ محمدیؐ کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے زمانے کے تقاضوں کو بھی بصیرت کے ساتھ ملحوظ رکھتے تھے، اور اصول پسندی و مصلحتِ صحیحہ کے درمیان متوازن قیادت کا نمونہ پیش کرتے تھے۔

علم، فقاہت، تفسیر، حکمت، حدیث، رجال، تاریخ، ادب، بصیرت اور سیاسی تدبر کا یہ ہمہ جہت امتزاج رہبرِ شہید کو اپنے عہد کے ممتاز ترین قائدین میں منفرد مقام عطا کرتا ہے، اور یہی ان کی تاریخ ساز اختصاصات میں سے ایک عظیم ترین اختصاص ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha